اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی، جس میں بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر، نیب اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافق مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔نیب اسپیشل پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا معطلی کی درخواستیں اپیلوں پر نوٹس کے بغیر قابل سماعت نہیں اور نیب قانون میں تبدیلی کے بعد اپیلوں کے بغیر درخواستیں سنی نہیں جا سکتیں۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جنوری 2025 میں سزائیں ہوئی تھیں، تقریباً 14 ماہ گزر چکے ہیں اور اس دوران پراسیکیوشن کی جانب سے التوا مانگا جا رہا ہے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی ٹرائل کے دوران ضمانت پر تھیں اور میڈیکل وجوہات بھی موجود ہیں، لہٰذا سزا معطلی اور ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہونی چاہیے۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے وکیل کو ہدایت دی کہ کلائنٹ سے ہدایات لے لیں، ہم تاریخ دے دیتے ہیں۔ سلمان صفدر نے مزید مہلت کی استدعا کی تاکہ بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات حاصل کی جا سکیں۔ عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔