ماضی کے کئی ترقیاتی منصوبوں کی مکمل ادائیگی نہ ہو سکی

ٹولنٹن مارکیٹ، سپورٹس کمپلیکسز اور دیگر منصوبوں میں مزید تاخیر کا اندیشہ
لاہور ( کرائم رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی مالی مشکلات کا شکار ہو گئی۔ پنجاب حکومت نے ماضی کے کئی ترقیاتی منصوبوں کی مکمل ادائیگی نہیں کی، جس کی وجہ سے زیرِ تعمیر اور مکمل ہونے والے منصوبوں کے اربوں روپے تاحال واجب الادا ہیں۔ایل ڈی اے کی جانب سے پنجاب حکومت کو فنڈز کے اجرا کے لئے متعدد مراسلے لکھے گئے، لیکن تاحال کسی بھی مراسلے پر مکمل عملدر آمد نہیں ہوسکا۔بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور اور راوی بریج توسیعی منصوبے جیسے بڑے ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں، لیکن ان کے تمام فنڈز تاحال جاری نہیں کئے گئے۔ایل ڈی اے نے بند روڈ منصوبے کے باقی ماندہ ڈیڑھ ارب روپے اور راوی بریج کی بہتری کیلئے 22 کروڑ 53 لاکھ روپے کی ادائیگی کی درخواست کی تھی، لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے مالی دباو? میں اضافہ ہو رہا ہے۔شہر میں چار نئی سٹرکچرل پلان روڈز کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے، لیکن ایل ڈی اے نے اس کے لئے پنجاب حکومت سے 10 ارب روپے کے فنڈز کا تقاضا کیا ہے، جو تاحال فائلوں میں دبے ہوئے ہیں۔ٹولنٹن مارکیٹ، زیرِ تعمیر سپورٹس کمپلیکسز اور دیگر ترقیاتی منصوبے بھی فنڈز کی راہ تک رہے ہیں۔ سپورٹس کمپلیکسز کے پانچ ارب روپے تاحال جاری نہیں کئے جا سکے، جس سے ان کی تکمیل مزید تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔