ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کروائیں:بلال صدیق

لیاقت آباد اور ہیئر پولیس اسٹیشنز ایک ماہ میں آپریشنل کرنے کا حکم دیا
لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں محکمہ پولیس کی ترقیاتی سکیموں اور فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر نے اجلاس کو سمارٹ پولیس اسٹیشنزو دیگر پراجیکٹس کی فزیکل پراگریس کے بارے میں بریف کیا۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افسران زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کروائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے لیاقت آباد اور ہیئر پولیس اسٹیشنز ایک ماہ میں آپریشنل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ ہربنس پورہ اور باٹا پور کی تعمیر کوبھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے ایس ایس پی(ایڈمن)کوجوہر ٹاؤن، شفیق آباد، سمن آباد، وحدت کالونی اور نشتر کالونی پولیس اسٹیشنز کوجلدمکمل کرنے کی ہدایات کیں۔سی سی پی اولاہور نے لیڈیز بیرکس پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ اور اینٹی رائٹس ہیڈکوارٹر ہربنس پورہ پر کام کی رفتار تیزکرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ سالا نہ ترقیاتی پروگرام کے تحت زیر تکمیل منصوبوں کوتیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ محکموں سے متواتر کوارڈینیشن رکھنے کی تاکید کی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ نئے تھانوں میں معذور،معمر افراداور دیگر سائلین کے لئے تمام سہولتیں مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے ترقیاتی منصوبوں کا براہ راست فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہئے۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بنیادی سطح پر عام آدمی کوبہترریلیف فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر،ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال،ایس ایس پی(لیگل) غلام حسین چوہان، ایس پی(سی آر او)عقیلہ نیازسمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔