ہانیہ عامر کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے 'ریکوگنیشن ایوارڈ' سے نوازا گیا

ہانیہ عامر کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے 'ریکوگنیشن ایوارڈ' سے نوازا گیا

ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو پاکستانی ثقافت اور فنی دنیا میں ان کے نمایاں کردار کو سراہنے پر برطانیہ کی پارلیمنٹ نے ’ریکوگنیشن ایوارڈ‘ سے نوازا ہے۔

ہانیہ عامر، جو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی پاکستانی ہیں، نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں اپنے ڈراموں اور مزاحیہ انسٹاگرام مواد کے ذریعے شہرت رکھتی ہیں۔ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مزاحیہ ویڈیوز اور منی وی لاگ کے ذریعے وہ اپنی منفرد شخصیت کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ اب انہوں نے اس ایوارڈ کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ہانیہ عامر کو ایوارڈ ملنے کے بعد تعریفی کلمات سنائے گئے، تو اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا، ”اتنی تعریفیں کبھی نہیں سنیں اپنی“ اور مزید کہا، ”بس یہی خواہش ہے کہ پاکستان کا نام اس طرح روشن کروں۔“

تقریب میں مختلف عالمی شخصیات بھی شریک ہوئیں، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر ہانیہ عامر کی بھرپور تعریف کی۔ ہانیہ عامر کی اس کامیابی پر ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کی مزید کامیابیاں کی دعا کی۔یہ ایوارڈ ہانیہ کی عالمی سطح پر شہرت اور ان کے فن کے اعتراف کا ایک اور سنگ میل ہے۔