ملتان: ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کے افسوس ناک واقعے میں اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
واقعے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کو بھاگتے اور ملزم کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے ایک ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق مقتول لڑکا ایک این جی او کے زیر انتظام یتیم خانے میں مقیم تھا، جہاں سے اسے تقریباً سات روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر نذیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ ملزم مختلف عمارتوں میں بجلی کے کام کے ٹھیکے لیتا تھا اور ماضی میں بھی یتیم خانے کے بعض بچے اس کے پاس تربیت حاصل کرتے رہے تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق لڑکے کے کام چھوڑ کر جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور مبینہ طور پر تیز رفتار گاڑی اس پر چڑھا دی گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں تعاقب اور گاڑی چڑھانے کے مناظر
واقعے کی مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کو بھاگتے ہوئے اور اس کے پیچھے آنے والے افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک اور کیمرے کی فوٹیج میں گاڑی کو لڑکے پر چڑھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ملزمان نے ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی، تاہم متعدد کیمروں کی فوٹیجز سامنے آنے کے بعد واقعے کے حالات مزید مشکوک ہوگئے۔ پولیس مختلف شواہد کی بنیاد پر معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مقتول پر چوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا، پولیس
سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مقتول لڑکے پر چوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ پولیس کے مطابق لڑکے کو الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم کے پاس بھیجا گیا تھا اور کام چھوڑ کر جانے کے بعد اس کا تعاقب کیا گیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کرکے توقیر نذیر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ قتل کے محرکات اور اس میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔
مقتول کی نماز جنازہ ادا، آبائی قبرستان میں تدفین
دوسری جانب جاں بحق ہونے والے 15 سالہ وسیم کی نماز جنازہ رات کے وقت موضع دولت پور میں ادا کی گئی، جس کے بعد اسے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔نماز جنازہ میں مقتول کے قریبی رشتہ داروں اور یتیم خانے کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ مقتول کی لاش اس کے چچا اور ماموں ملتان سے مظفرگڑھ لے گئے تھے، جہاں تدفین کے انتظامات کیے گئے۔
نانا غم سے نڈھال، انصاف کا مطالبہ
مقتول وسیم کے نانا اپنے نواسے کی موت پر غم سے نڈھال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وسیم ایک شریف اور معصوم بچہ تھا۔ کم عمری میں والدین کی سرپرستی سے محروم ہونے والے بچے کی موت نے اہل خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کردیا ہے۔واقعے نے کم عمر اور بے سہارا بچوں کے تحفظ، پیشہ ورانہ تربیت کے دوران ان کی نگرانی اور جبری مشقت کی روک تھام سے متعلق اہم سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔