سابق پاکستانی کرکٹر کا بیٹا پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے میدان میں اُترے گا

سابق پاکستانی کرکٹر کا بیٹا پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے میدان میں اُترے گا

پاکستان کے سابق کرکٹر اظہر عباس کا بیٹا محمد ارسلان عباس اپنے ہی ملک پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے جا رہا ہے۔

 ارسلان عباس، جو کہ پاکستانی نژاد ہیں، کرکٹ کی دنیا میں ایک نئی شناخت بنانے کی جانب قدم بڑھا چکے ہیں۔ وہ اپنے والد، سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اظہر عباس کے بیٹے ہیں، جنہوں نے 45 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔اظہر عباس کا تعلق پاکستان سے ہے لیکن وہ اپنے خاندان کے ساتھ نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے کرکٹ کو بطور پروفیشن اپنایا اور آکلینڈ اور ویلنگٹن کی ٹیموں کی نمائندگی کی۔ اس وقت وہ نیوزی لینڈ کی فائر برڈز ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہیں۔محمد ارسلان عباس کی منتخب ہونے کی خبر نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں آئی ہے جہاں انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ارسلان عباس مڈل آرڈر بیٹر اور بالنگ دونوں کے فرائض ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ اہم بات ہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کے کئی سینئر کھلاڑی آئی پی ایل (انڈین پریمیئر لیگ) کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ان کھلاڑیوں میں مچل سینٹنر، راچن رویندرا، ڈیون کانوائے اور گلین فلپس شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع ملے گا جن میں ارسلان عباس بھی شامل ہیں۔یہ ایک منفرد موقع ہے جہاں ایک پاکستانی نژاد کھلاڑی اپنے ملک کے خلاف میدان میں اترے گا، اور اس کی کارکردگی پر سب کی نظر ہوگی۔