سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پانچواں میچ آج پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یہ میچ پاکستان کے لیے فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔سیریز کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے چار چار پوائنٹس ہیں۔ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان پہلے جبکہ افغانستان دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ اگر قومی ٹیم آج فتح حاصل کرلیتی ہے تو اس کی فائنل میں رسائی یقینی ہو جائے گی۔ تاہم شکست کی صورت میں پاکستان کو کل کھیلے جانے والے افغانستان اور یو اے ای کے میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا ہوگا۔دوسری جانب، میزبان یو اے ای اب تک سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا اور آج اپنی پہلی جیت کے حصول کے لیے قسمت آزمائی کرے گا۔ یو اے ای کو فائنل تک رسائی کے لیے اپنے دونوں باقی میچز بڑے مارجن سے جیتنے کی ضرورت ہے، جو اس کے لیے مشکل چیلنج ہوگا۔سیریز کا فائنل میچ 7 ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا جس میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔