پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں بنگلادیشی کھلاڑیوں کی شرکت کو لے کر کچھ دنوں تک عدم یقین کی صورت حال تھی۔
تاہم، اب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تین بنگلادیشی کرکٹرز کو این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس، لیگ اسپنر رشاد حسین، اور فاسٹ بولر ناہید رانا شامل ہیں۔ان کھلاڑیوں کو پی ایس ایل 10 کے لیے این او سی دینے کی اطلاعات بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز انچارج شہریار نفیس نے دی ہیں۔ ان کے مطابق، بورڈ ان کھلاڑیوں کو این او سی دینے کے لیے پُرعزم ہے، مگر کھلاڑیوں کے ورک لوڈ مینجمنٹ کو بھی مدنظر رکھا جائے گا تاکہ ان کی فٹنس اور کارکردگی پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔لٹن داس کو کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے لیے منتخب کیا ہے، جبکہ رشاد حسین اور ناہید رانا کو بالترتیب لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
خیال رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 15 اپریل کو بنگلادیش پہنچے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ابتدا 20 اپریل کو سلہٹ میں ہوگی اور دوسرا ٹیسٹ 28 اپریل کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔ تاہم، رشاد حسین اس وقت تک زمبابوے کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔پہلے یہ خبریں آئیں تھیں کہ بنگلادیشی کرکٹرز کی پی ایس ایل 10 میں شرکت مشکوک ہو سکتی ہے، لیکن اب ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر کے اس بات کو واضح کر دیا گیا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں حصہ لیں گے۔