پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متعدد قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک فرنچائز لیگز اور کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کردیے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حسن نواز، حنین شاہ، نسیم شاہ، عثمان خان، معاذ صداقت، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور شاداب خان کو کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کھلاڑیوں کے این او سی 19 اگست سے 21 ستمبر تک مؤثر ہوں گے، جس کے دوران وہ سی پی ایل میں اپنی متعلقہ فرنچائزز کی نمائندگی کرسکیں گے۔اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو 7 اگست سے 20 ستمبر تک جبکہ عثمان طارق کو 8 اگست سے 18 ستمبر تک سی پی ایل میں شرکت کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔دوسری جانب اسپنر اسامہ میر بھی 7 اگست سے 21 ستمبر تک کیریبین پریمیئر لیگ میں حصہ لے سکیں گے۔
نعمان علی کو کاؤنٹی کرکٹ کے لیے این او سی
پی سی بی نے قومی ٹیم کے تجربہ کار اسپنر نعمان علی کو انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں لنکاشائر کی نمائندگی کے لیے بھی این او سی جاری کیا ہے۔ ان کا این او سی 27 ستمبر تک مؤثر رہے گا۔پی سی بی کے اس فیصلے سے متعدد پاکستانی کرکٹرز کو قومی اور ڈومیسٹک مصروفیات کے بعد عالمی سطح کی فرنچائز اور کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔غیر ملکی لیگز میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے، عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ تجربہ حاصل کرنے اور اپنی ٹی ٹوئنٹی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کا موقع بھی ملتا ہے۔تاہم این او سی کی منظوری کے دوران پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کی ممکنہ مصروفیات، ڈومیسٹک کرکٹ اور دیگر شیڈولز کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔