بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

بانیٔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ عدالت نے درخواستیں قابلِ سماعت قرار دینے کے باوجود مقدمے کے اہم قانونی نکات اور شواہد کا ابتدائی جائزہ نہیں لیا، جو قانون کے مطابق ضروری تھا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ دورانِ قید بانیٔ پی ٹی آئی کو بینائی کا عارضہ لاحق ہوا، جس کے باعث انہیں علاج کے لیے جیل سے باہر منتقل کرنا پڑا، جبکہ دونوں کو صحت کے سنگین مسائل اور تنہائی میں قید کے باعث شدید ذہنی اذیت کا سامنا رہا۔ اس کے باوجود سزا معطل نہ کرنا ناانصافی کے مترادف ہے۔درخواست گزاروں نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ سزا معطلی کی درخواست کو جان بوجھ کر مؤخر کیا جاتا رہا، حالانکہ ٹرائل کے دوران انہیں ضمانت مل چکی تھی اور الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرتے وقت عدالت مقدمے کے بنیادی نکات کا جائزہ لے سکتی تھی، مگر ایسا نہیں کیا گیا۔درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بار بار التوا حاصل کر کے اپیل کی کارروائی میں تاخیر کی، جس سے انصاف کی فراہمی متاثر ہوئی۔

 مزید کہا گیا کہ گرفتاری کا طریقۂ کار غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ تھا، جبکہ ماضی میں ایک اعلیٰ عدالت اسی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم بھی دے چکی تھی۔درخواست کے مطابق احتساب کے عمل کو سیاسی بنیادوں پر استعمال کیا گیا، جبکہ نیب قوانین میں حالیہ ترامیم کے باوجود سزا معطلی کی اپیل سپریم کورٹ ہی کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، کیونکہ اپیل میں آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا کوئی ذکر موجود نہیں۔درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سزا معطل کی جائے اور بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے قبل 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر چکی ہے۔