وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عمران خان کی سیاسی حیثیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں نہ صرف ان کی بہن بلکہ ان کی اپنی ہی جماعت نے مائنس کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے آیا تھا، آج خود قدرت کے انتقام کا نشانہ بن کر اپنی ہی پارٹی سے باہر ہو چکا ہے۔عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان علی امین گنڈاپور کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہی ہیں، جب کہ خود علی امین نے بھی اس سازش کا برملا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بڑی مشکل سے بطور چیف ایگزیکٹو صوبائی بجٹ منظور کرایا، بصورت دیگر ان کا گھر جانا آئینی طور پر لازم ہو چکا تھا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ علیمہ خان گروپ اور تحریک انصاف کا سوشل میڈیا سیل باقاعدہ منظم انداز میں علی امین کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اندرونی طور پر تقسیم ہو چکی ہے، جس میں وفاق میں تین گروپس اور خیبر پختونخوا میں مزید تین علیحدہ دھڑے موجود ہیں۔
ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں جنید اکبر، عاطف خان اور پارٹی سے بغاوت کرنے والے رہنما الگ الگ گروپس کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی 12 سالہ بدانتظامی نے گورننس کا بیڑا غرق کر دیا ہے، جب کہ پنجاب اب میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکا ہے۔عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تمام وزرائے اعلیٰ میں سرفہرست ہیں اور عوامی فلاح کے حقیقی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔