پاکستان اپنا موقف واضح کر چکا ، ایران، اسرائیل ، امریکا سیز فائر کے بعد کوئی خطرہ نہیں ہے،لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمدافضل
راولپنڈی (آن لائن) سابق فوجی افسران و جوانوں کی ملک گیر نمائندہ تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی نے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل کا محض ایک سفری دورہ نہیں بل کہ خطے سمیت دنیا بھر میں پاکستان کے کردار کا آغاز ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، ایران اور اسرائیل کے معاملے پر پاکستان اپنا موقف واضح کر چکا ہے، ایران، اسرائیل اور امریکا کی سیز فائر کے بعد کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار سوسائٹی کے نائب صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل نے کہا کہ آرمی چیف کا امریکا کا دورہ اہمیت کا حامل تھا جس کے مثبت نتائج آئیں گے ،یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے لئے اہم سنگ میل تھا۔ اس دورے سے پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات بہتر ہوں گے، دورے کی تاریخی اہمیت کو تسلیم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران اسرائیل جنگ ایک خطرناک موڑ پر ہے، غزہ میں مسلمانوں میں خونی ریزی جارہی ہے، پاک بھارت کشیدگی اور دہشت گردی کے خطرات کم نہیں ہوئے، پاکستان دنیا کے نئے اکنامک زون میں اپنی جگہ بنا چکا ہے، نازک وقت میں فیلڈ مارشل کو امریکا میں عزت و وقار کے ساتھ مدعو کیا گیا، ملاقات میں ایران کے عدم استحکام کے حوالے سے گفتگو ہوئی، پاکستان اور امریکا کے اقتصادی تعاون پر بھی غور کیا گیا، ایران اسرائیل تنازع پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنے دفاع کے حوالے سے اپنا بجٹ مختص کرتا ہے ،لائن آف کنٹرول پر ہونے والی کشیدگی کشمیر کے حل تک جاری رہے گی جبکہ ہمارے جوان اور افسران لائن آف کنٹرول کی وار کے لئے تیار ہیں ۔