جنوبی وزیرستان:فورسزکاآپریشن ،میجراور لانس نائیک شہید،11دہشتگرد ہلاک ،7زخمی

 سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا‘ میجر معیزعباس  شاہ شہید کاتعلق ضلع چکوال  اورلانس نائیک جبران اللہ کا تعلق ضلع  بنوں سے تھا :آئی ایس پی آر 

راولپنڈی (آئی این پی ) سکیورٹی فورسز نے  جنوبی وزیرستان میں آپریشن  کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں  میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہو گئے جبکہ  11بھارتی سپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیاگیا ، 7 خوارج زخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ معلومات  کی بنیاد پر آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد  ہلاک اور7 دہشت گرد زخمی ہو گئے۔آپریشن کے دوران پاک فوج کے دو بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے۔ شہدا میں میجر سید معیز عباس شاہ (عمر 37 سال، ضلع چکوال کے رہائشی)اور لانس نائیک جبران اللہ(عمر 27 سال، ضلع بنوں کے رہائشی)شامل ہیں