نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار فلپائن اور کرغزستان کے سرکاری دوروں کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے پہلے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے علاقائی تعاون اور امن واستحکام کے موضوعات پر اہم بات چیت کی۔اسحاق ڈار نے بعد میں کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 25ویں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کی۔ دورہ کرغزستان کے دوران انہوں نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے دونوں بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا مؤثر اور فعال موقف پیش کیا۔ اجلاسوں میں علاقائی و عالمی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اور انہوں نے علاقائی سلامتی، اقتصادی ترقی اور عالمی تعاون کے اہم موضوعات پر مباحث میں بھرپور حصہ لیا۔ اسحاق ڈار کے دورے سے پاکستان کے علاقائی اور عالمی سطح پر سفارتی روابط مضبوط ہونے کی توقع ہے۔