بشکیک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی کرغزستان کے صدر سے ملاقات سے قبل بشکیک میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال، علاقائی سلامتی، عوامی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی۔اسحاق ڈار نے کرغزستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کامیاب صدارت اور مؤثر میزبانی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کرغز قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی رابطوں کے فروغ کو خصوصی اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی 2026-27 کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔کرغز وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایس سی او سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔