اسلام آباد: ترک وزیر دفاع یاشر گوولر سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: ترک وزیر دفاع یاشر گوولر سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد : ترکی کے وزیر دفاع یاشر گوولر (Yaşar Güler) ایک اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نے ان کا استقبال کیا۔

 دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک وزیر دفاع کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی و سفارتی روابط کو مزید فروغ دے گا بلکہ باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ذرائع کے مطابق ترک وزیر دفاع اپنے قیام کے دوران اعلیٰ حکومتی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون، تربیتی تبادلے اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال جیسے اہم امور زیرِ غور آئیں گے۔

اس کے علاوہ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باضابطہ مذاکرات کل (منگل کو) ہوں گے جن میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان مذاکرات کے دوران دفاعی پیداوار، انٹیلی جنس تعاون، اور مشترکہ مشقوں سے متعلق معاہدوں پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔ایک اہم پیش رفت یہ بھی ہے کہ ترک وزیر خارجہ بھی آج رات اسلام آباد پہنچیں گے، جس کے بعد دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقاتیں ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دورے کو خطے میں بڑھتے ہوئے جیوپولیٹیکل چیلنجز کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ترک وزیر دفاع کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور ترکیہ متعدد بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے قریبی اتحادی رہے ہیں اور دونوں ممالک دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں، جن میں جدید جنگی بحری جہاز، ڈرون ٹیکنالوجی، اور تربیتی تبادلے شامل ہیں۔

دفتر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔