آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کے لئے ن لیگی وفد کا ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ

آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کے لئے ن لیگی وفد کا ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا، جہاں دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد کی قیادت سندھ کے صدر بشیر میمن کر رہے تھے، جبکہ وفد میں وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی اور آزاد کشمیر انتخابات کے امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے۔ وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات میں آزاد کشمیر انتخابات، سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات اور ورکنگ ریلیشن شپ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وفد نے آزاد کشمیر انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان سے ایک بار پھر حمایت کی درخواست کی۔ اس سے قبل بھی ن لیگ کا وفد احسن اقبال کی قیادت میں اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کر چکا ہے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وفد کی آمد پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور ایم کیو ایم نے بھی اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات سے قبل ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا تھا اور دونوں جماعتیں اتحادی ہیں۔ ان کے مطابق اگر آزاد کشمیر میں بھی دونوں جماعتیں اپنی سیاسی قوت کو یکجا کریں تو مشترکہ امیدوار کی کامیابی کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے آئینی ترمیم کا مطالبہ ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے سامنے رکھا ہے، جس پر ن لیگی وفد نے متعلقہ بل اسمبلی میں پیش کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

فاروق ستار نے گورنر سندھ کے عہدے کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے ادوار میں گورنر شپ ایم کیو ایم کے پاس تھی، اس لیے ان کا مطالبہ ہے کہ یہ عہدہ دوبارہ ایم کیو ایم کو دیا جائے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ گورنر کسی بھی جماعت کا ہو، اس سے زیادہ اہم اتحادیوں کے درمیان اعتماد اور تعاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑی رہی ہے، تاہم انہیں یہ گلہ ضرور ہے کہ ایم کیو ایم زیادہ تر کراچی کے مسائل تک محدود رہتی ہے۔بشیر میمن نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا اظہارِ یقین کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جب بھی کراچی کو ضرورت پڑی، یہاں آئے، جبکہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی استحکام کے لیے تمام جماعتوں سے رابطے اور تعاون پر یقین رکھتی ہے۔