ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے آج شام اہم ملاقات متوقع، ذرائع

ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے آج شام اہم ملاقات متوقع، ذرائع

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد کی آج شام 7 بجے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

 وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کریں گے، جبکہ دیگر اراکین میں ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل ہوں گے۔اس ملاقات میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ، سندھ کے شہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں، اور خاص طور پر کراچی کے کے-4 واٹر سپلائی منصوبے پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سندھ کے شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے مزید فنڈز اور اختیارات کے مطالبات پر زور دے سکتی ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی حکومت کے درمیان سیاسی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ایم کیو ایم کی قیادت کا مؤقف ہے کہ سندھ میں شہری علاقوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کو مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔اس ملاقات کے نتائج آئندہ دنوں میں سامنے آئیں گے، جو سندھ کے شہری علاقوں کی ترقی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعلقات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔