نشتر کالونی پولیس کی کارروائی، 12 دن قبل اغواء ہونے والا نوزائیدہ بچہ بازیاب، ملزمہ گرفتار

نشتر کالونی پولیس کی کارروائی، 12 دن قبل اغواء ہونے والا نوزائیدہ بچہ بازیاب، ملزمہ گرفتار

نشتر کالونی پولیس نے شہری کے گھر سے اغواء ہونے والے 12 روزہ نومولود بچے کو بحفاظت بازیاب کروا کر خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی، جس پر ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن عثمان عزیز میر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نشتر کالونی غلام مرتضیٰ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا اور خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ کی شادی دو سال قبل ہوئی تھی، تاہم اس کے ہاں کوئی اولاد نہیں تھی۔ تفتیش میں سامنے آیا کہ ملزمہ نے ایک نجی اسپتال میں متاثرہ خاندان سے تعلقات قائم کیے اور بعد ازاں شہری کے گھر سے 12 روزہ نومولود کو اغواء کر کے شیخوپورہ کے علاقے بدوپلی لے گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ نومولود کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔