شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیرِ خارجہ سراج الدین سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، روابط، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ دوطرفہ شراکت داری کو مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات کے دوران تاجک وزیرِ خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور تاجک وزیرِ خارجہ نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔