شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر چولپون آٹا میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیرِ خارجہ میکسم ریزنکوف سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا گیا، جو 11 اور 12 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح کے باہمی رابطوں اور تبادلوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ترجمان کے مطابق اقتصادی، تجارتی، دفاعی، زرعی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ جامع تعاون کے روڈ میپ پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔اس موقع پر بیلاروس کے وزیرِ خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔