اسحاق ڈار اور کرغز وزیر خارجہ کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسحاق ڈار اور کرغز وزیر خارجہ کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کولوبایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ سطح کے رابطے برقرار رکھنے، باہمی تعاون میں اضافے اور دسمبر 2025 میں کرغز صدر کے دورۂ پاکستان اور جولائی 2026 میں صدرِ پاکستان کے دورۂ کرغزستان کے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ سازی، کاروباری برادری کے روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور کرغز وزیر خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور عالمی و علاقائی فورمز پر امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر کرغزستان کو مبارکباد دی، جبکہ کرغزستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2027-28 کی غیر مستقل رکنیت کے لیے انتخاب پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔