اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ‘شہری پریشان

آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل اور دالیں مہنگی ہوگئیں‘کم آمدنی والے اور سفید پوش مالی دباؤ کا شکار 
 لاہور(خصوصی رپورٹ)شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا راج بدستور برقرار ہے، جہاں روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزیدبڑھا دی ہیں۔مارکیٹ میں آٹا، چینی، چاول، مختلف اقسام کی دالیں، چائے کی پتی، گھی، کوکنگ آئل اور دیگر ضروری اشیاء مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے گھریلو بجٹ سنبھالنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باوجود ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جبکہ گھی اور کوکنگ آئل جیسی بنیادی ضرورت کی اشیا بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔