کرم میں حالات بدستور کشیدہ، اشیائے خورونوش و ادویات کی قلت

مندوری میں قبائلیوں کا احتجاج جاری ، ٹل پارا چنار شاہراہ تاحال بند ، امدادی سامان روانہ نہیں ہو سکا
 پشاور(آئی این پی )ضلع کرم میں حالات بدستور کشیدہ رہنے سے متاثرہ علاقوں میں اشیائے خور و نوش اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی،لوئرکرم بگن کے علاقے مندوری میں قبائلیوں کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث ٹل پارا چنار شاہراہ تاحال بند ہے۔تفصیل کے مطابق راستے نہ کھلنے کی وجہ سے ضلع کرم کے لیے تیسرے روز بھی امدادی سامان روانہ نہیں ہو سکا ۔ضلعی انتظامیہ کرم کے مطابق اپیکس کمیٹی اور صوبائی حکومت کے فیصلوں پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، پارہ چنار پریس کلب کے باہر دھرنا دے کر روڈ بند کرنے والوں پر بھی مقدمات درج کرلیے گئے۔ایف آئی آر میں نامزد پانچ دہشت گردوں میں سے اب تک تین پکڑے گئے ہیں، نامزد مزید دہشت گردوں اور دیگر نامعلوم حملہ آوروں کی گرفتاری اور تحقیقات کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع کرم میں مرکزی شاہراہ 3 ماہ سے بند ہونے اور سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے، ضلع کرم میں تمام دکانیں خالی اوربازار بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے۔