آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل اور دالیں مہنگی ہوگئیں‘کم آمدنی والے اور سفید پوش مالی دباؤ کا شکار
لاہور(آن لائن)شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا راج بدستور برقرار ہے، جہاں روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔مارکیٹ میں آٹا، چینی، چاول، مختلف اقسام کی دالیں، چائے کی پتی، گھی، کوکنگ آئل اور دیگر ضروری اشیاء مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے گھریلو بجٹ سنبھالنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باوجود ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جبکہ گھی اور کوکنگ آئل جیسی بنیادی ضرورت کی اشیا بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔