ٹریفک خلاف ورزیوں کی جانچ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے بجائے شناختی کارڈ نمبر استعمال کیا جائے،ڈی آئی
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی زیرِ صدارت پرفارمنس ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد تمام سی ٹی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ مراسلے میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں شفافیت، میرٹ اور عوامی سہولت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا کہ لائسنسنگ کے عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر انچارج کے ساتھ سپروائزری اسٹاف بھی جوابدہ ہوگا۔ انہوں نے ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔اجلاس میں موبائل لائسنسنگ وینز کے مؤثر استعمال، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا، روڈ سیفٹی کے لیے ٹریفک سائنز اور روڈ مارکنگ کی تکمیل، اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے روڈ انجینئرنگ کے مسائل حل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ "ون ایپ" کے مؤثر استعمال سے انفورسمنٹ نظام مزید مضبوط بنایا جائے، جبکہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی جانچ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے بجائے شناختی کارڈ نمبر (CNIC) استعمال کیا جائے تاکہ چالان، لائسنس اور دیگر متعلقہ ریکارڈ تک فوری رسائی ممکن ہو سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ جاری ہدایات پر عملدرآمد کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا، تمام سپروائزری افسران فیلڈ عملے تک ہدایات پہنچائیں، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستہ رویہ اپنایا جائے، جبکہ بدعنوانی اور شہریوں سے ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبہ بھر میں یکساں قانون کے نفاذ، لائسنسنگ میں شفافیت اور سڑکوں پر قانون کی بالادستی کو سو فیصد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔