غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی گرفتاری کا حکم

 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی گرفتاری، جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی میں کسی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی زیر صدارت سول لائنز ڈویڑن کی اینٹی کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پی سکیورٹی، ایس پی سول لائنز، متعلقہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی موجودگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی گرفتاری، جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی میں کسی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے اور اس حوالے سے قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔فیصل کامران نے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے افسران کو ہدایت کی کہ اشتہاری مجرمان، عادی جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے قماربازوں اور قحبہ خانوں کے خلاف بھی مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کارروائیاں کی جائیں اور نوجوان نسل کو گٹکے جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے گٹکا فروشوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ کانفرنس کالز پر بروقت اور مؤثر ریسپانس یقینی بنایا جائے جبکہ ایس آئی پیز (SIPs) ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔اجلاس کے دوران ناقص سپروڑن پر ایس ڈی پی او مزنگ کو وضاحتی لیٹر جاری کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ اور ایس ایچ او لٹن روڈ کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی، جبکہ ایس ایچ او سول لائنز کو اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیا۔فیصل کامران نے اس موقع پر زور دیا کہ تمام تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور احترام سے پیش آیا جائے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر سنے جائیں اور میرٹ پر فوری حل یقینی بنایا جائے.