غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم میںتیزی

11 ہزار 643 سے زائد غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچا دیا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم تیزی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں لاہور سمیت صوبہ بھر سے افغانیوں سمیت 10985 غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مہم کے دوران 11 ہزار 643 سے زائد غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا چکا ہے جبکہ658 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں 05 اور صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اورسکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنائیں گے اور انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔