لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے صدر ڈویڑن اور اسپیشل آئی ٹی ٹیم کے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جن میں ایس ایچ او رائیونڈ انسپکٹر عمران خان، انچارج چوکی جیا بگا سمیت آٹھ اہلکار اور ایس ایچ او ستوکتلہ سید اقرار عباس سمیت چار افسران و اہلکار شامل تھے۔ دورانِ ڈکیتی دکاندار کو زخمی کرنے والے ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرنے والی اسپیشل آئی ٹی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا اور ارکان کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے فرائض انجام دینے والے اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، جبکہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے والے جوان پولیس کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی انتھک محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے جرائم پر قابو پانے اور بروقت ٹریسنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔