اسپین کے اسٹار مارک کوکوریلا کے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی باپ کی محبت بھری کہانی سامنے آگئی

اسپین کے اسٹار مارک کوکوریلا کے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی باپ کی محبت بھری کہانی سامنے آگئی

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسپین کی کامیابی کے بعد اسٹار فٹبالر مارک کوکوریلا کے گھنگریالے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی جذباتی کہانی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوکوریلا نے جان بوجھ کر اپنے بال لمبے رکھے ہیں اور وہ میچ کے دوران انہیں نہیں باندھتے، تاکہ ان کا بڑا بیٹا ماٹیو، جو آٹزم کا شکار ہے، میدان میں انہیں آسانی سے پہچان سکے۔ ان کے لیے یہ صرف ایک منفرد انداز نہیں بلکہ اپنے بیٹے سے محبت، وابستگی اور باپ ہونے کی ذمہ داری کی علامت بھی ہے۔رپورٹس کے مطابق فٹبال کے میدان سے باہر کوکوریلا اور ان کی پارٹنر کلاڈیا روڈریگیز نے اپنے بیٹے میں آٹزم کی تشخیص کے بعد ایک مشکل دور کا سامنا کیا۔ایمازون پرائم کی ایک دستاویزی فلم میں کلاڈیا نے بتایا کہ جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کا بیٹا دیگر بچوں کے مقابلے میں مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے تو وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق دونوں روزانہ بیٹے کو اسکول چھوڑنے جاتے اور واپسی پر جذباتی ہو کر روتے تھے، جبکہ اسی دوران وہ اپنے دوسرے بچے ریو کی بھی ماں بننے والی تھیں۔مارک کوکوریلا نے بھی اعتراف کیا کہ اپنے بیٹے میں آٹزم کی تشخیص کو قبول کرنا ان کے لیے آسان نہیں تھا، تاہم انہوں نے ہر مشکل مرحلے میں اپنے خاندان کا بھرپور ساتھ دیا اور آج بھی اپنے بیٹے کی حوصلہ افزائی اور حمایت کو اپنی زندگی کی اولین ترجیح قرار دیتے ہیں۔