بھارتی کپتان روہت شرما نے ممبئی میں سرخ رنگ کی لگژری لیمبورگینی یورس ایس ای خریدی ہے جس کی قیمت تقریباً 4 کروڑ 57 لاکھ روپے (ایکس شو روم) بتائی گئی ہے۔
اس کار کی منفرد نمبر پلیٹ "3015" بھی خاصی توجہ کا مرکز بنی ہے، کیونکہ یہ روہت شرما کے بچوں کی سالگرہ کی تاریخوں سے جڑی ہے: "30" ان کی بیٹی سامائرا کی سالگرہ (30 دسمبر) اور "15" بیٹے اہان کی سالگرہ (15 نومبر) کی نمائندگی کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں اعداد کو جمع کرنے پر 45 بنتا ہے، جو روہت کا جرسی نمبر بھی ہے۔ اس سے قبل ان کی پرانی کار کا نمبر "264" تھا، جو ان کے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے اسکور کی عکاسی کرتا ہے۔لیمبورگینی یورس ایس ای ایک طاقتور گاڑی ہے جس کا انجن 800 ہارس پاور اور 950 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے، اور یہ صرف 3.4 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے۔روہت شرما نے آخری بار آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کی تھی اور توقع ہے کہ وہ اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دوبارہ میدان میں نظر آئیں گے۔