جان بچانے والی ناپید ادویات کی درآمد کی مشروط اجازت دینے کافیصلہ

ادویات سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو امپورٹ کرنے کی اجازت ہوگی‘مارکیٹ میں فروخت نہیں ہوں گی
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے ملک میں ناپید اور جان بچانے والی غیر ملکی ادویات کی درآمد کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ  کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جان بچانے والی امپورٹڈ ادویات کے اجازت نامے میں پانچ سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد عوام کو فوری طبی امداد فراہم کرنا اور اسپتالوں کو ضروری ادویات کی قلت سے بچانا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈرگز ایکٹ 1976 کے سیکشن 36 کے تحت ایک نیا ایس آر او (Statutory Regulatory Order) جاری کیا جا رہا ہے، جس کے تحت غیر رجسٹرڈ یا ناپید مگر جان بچانے والی ادویات کو مخصوص شرائط کے تحت امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔یہ ادویات صرف سرکاری اور نجی اسپتالوں کو امپورٹ کرنے کی اجازت ہوگی، مگر شرط یہ ہوگی کہ یہ ادویات صرف علاج کے مقصد کے لیے استعمال کی جائیں گی اور انہیں مارکیٹ میں فروخت یا تقسیم نہیں کیا جا سکے گا۔