اسحاق ڈار اور چینی وزیرخارجہ کی ملاقات، علاقائی امن و استحکام، عالمی و علاقائی امور اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ
بشکیک(آئی این پی )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کیلئے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے افغان سرزمین سے سرگرم ہیں۔کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب میں کہا شنگھائی تعاون تنظیم کی سلور جوبلی پوری تنظیم کیلئے باعث فخر ہے، کرغزستان نیاجلاس کی بہترین میزبانی کی۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او اب معیشت، ثقافت اور امن کا جامع فورم بن چکی ہے، ایس سی او خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دے رہی ہے، شنگھائی اسپرٹ باہمی اعتماد، مشترکہ ترقی و تعمیری سفارتکاری کی بنیاد ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کے لئے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے افغان سرزمین سے سرگرم ہیں۔دریں اثناء اسحاق ڈار نے اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، قریبی اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران علاقائی امن و استحکام، عالمی و علاقائی امور اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا