بھارت افغان سرزمین کے ذریعے دہشت گردی بند کرے، دفتر خارجہ

 بھارت افغانستان سمیت خطے میں تخریبی کردار ادا کر رہا ہے، شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں 
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کیخلاف اہداف جائز ہیں، بھارت افغان سر زمین سے پاکستان کیخلاف دہشتگردی کرنے سے باز آ جائے۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق افغان سر زمین سے فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کر رہے ہیں، بھارتی وزارتِ خارجہ کا بیان مضحکہ خیز اور منافقانہ ہے، دہشت گردوں کی بھارت کی جانب سے سرپرستی اور معاونت سب پرعیاں ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شرمناک ریکارڈ کے ساتھ بھارت کو اس طرح کے بیانات کا کوئی حق نہیں، بھارت افغانستان سمیت خطے میں تخریبی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔