افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی باعث تشویش ہے اسحاق ڈار

 حکام سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس، قابل تصدیق اور نتیجہ خیز اقدامات کریں ،  افغانستان کو تنہائی کا شکار نہیں ہونے دینا چاہیے
 او آئی سی کے رکن ممالک افغانستان کے استحکام کے لئے ماہرین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل د یں :رابطہ گروپ کے  اجلاس سے خطاب
نیو یارک ( آن لائن) ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گروہ نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ افغان حکام سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس، قابل تصدیق اور نتیجہ خیز اقدامات کریں۔ او آئی سی کے زیر اہتمام افغانستان کے حوالے سے رابطہ گروپ کے اہم اجلاس میں ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افغانستان میں پائیدار امن، انسانی امداد، اور خطے میں روابط کے فروغ پر زور دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو تنہائی کا شکار نہیں ہونے دینا چاہیے اور عالمی برادری کو بالخصوص اسلامی دنیا کو اس نازک وقت میں غیر مشروط انسانی امداد فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے افغانستان میں بینکاری اور تجارتی نظام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے افغان عوام کی مشکلات کم ہوں گی اور معیشت کو استحکام ملے گا