لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے بلغاریہ کی سفیر آئیرینا گینا ڈیوا گانچیوا نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اقتصادی اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے اور دونوں ممالک کی تجارتی برادری کے درمیان روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی، ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔سپیکر نے پنجاب کے زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، اور تعلیمی و افرادی تبادلوں کے ذریعے نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کو بھی دوطرفہ روابط کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
بلغاریہ کی سفیر آئیرینا گینا ڈیوا گانچیوا نے اس موقع پر کہا کہ بلغاریہ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور پارلیمانی روابط کے فروغ کو دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں قرار دیا۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔