بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر جبل پور میں ایک غیر معمولی اور ڈرامائی واقعہ پیش آیا، جہاں دو گھوڑوں کی لڑائی کے دوران ایک گھوڑا سڑک پر کھڑے رکشے میں جا پھنسا جبکہ دوسرا چلتی گاڑی پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں گھوڑے ایک دوسرے پر حملہ آور ہوتے ہوئے قریبی شو روم میں جا گھسے اور وہاں توڑ پھوڑ کی۔ اسی دوران ایک مشتعل گھوڑا قریبی رکشے میں جا گرا، جبکہ دوسرا سڑک پر دوڑتی گاڑی پر کود گیا۔مقامی شہریوں کے مطابق یہ دونوں گھوڑے گزشتہ تین دنوں سے علاقے میں جھگڑتے دکھائی دے رہے تھے اور حکام کو متعدد بار شکایات بھی کی گئی تھیں، مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو راہگیروں نے فوری طور پر نکال کر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا، جبکہ تقریباً 20 منٹ کی جدوجہد کے بعد گھوڑے کو رکشے سے نکالا گیا، جو خود بھی زخمی ہو چکا تھا۔