ڈاکو، جواری گرفتار کرنے کا حکم

انسداد جرائم کیلئے ایس ایچ اوز تگڑے ہوکر میرٹ پر کام کریں، نامور جواریوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالیں: فیصل کامران 
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ ڈکیتی، چھینا جھپٹی گینگز کے مفرور ممبران کو گرفتار کریں۔ پولیس افسران جرائم کی بیخ کنی کے لیے ٹیم ورک کے ذریعے کارروائیاں عمل میں لائیں۔ جواء￿  معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے، نامور جواریوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کینٹ ڈویڑن کی انسدادِ جرائم میٹنگ کے دوران کیا۔ ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب، ایس پی ڈولفن سکواڈ ارسلان زاہد، ایس پی کینٹ کیپٹن(ر) قاضی علی رضا، سرکل افسران و ایس ایچ اوز میٹنگ میں موجود تھے۔ میٹنگ میں کینٹ ڈویڑن کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی نے اہداف میں اضافہ کرتے ہوئے لسٹڈ اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فائل شدہ درخواستوں پر مدعیان سے رابطہ، کھلی کچہری کی نشاندہی پر فوری کارروائی کی تاکید کی۔ شہریوں کو تحفظ کے ساتھ مسائل کے حل میں مدد و رہنمائی دی جائے۔ بارڈر پار سے منشیات کی سپلائی روکنے اور لسٹڈ منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر ریڈ کی ہدایت دی۔ ایس ایچ اوز تگڑے ہو کر کام کریں، میرٹ یقینی بنائیں، بہترین کارکردگی پر انچارج چوکی کو اہم عہدہ دیا جائے گا۔ زیر تفتیش مقدمات جلد از جلد یکسو کریں۔ چہلم حضرت امام حسین?، ربیع الاول کے حوالے سے امن کمیٹی، علمائے کرام، منتظمین سے میٹنگز کر کے سکیورٹی حتمی شکل دی جائے۔