1 کروڑ 13 لاکھ برآمد،آن لائن جوئے کی روک تھام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے: سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس قماربازی میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ اس ضمن میں رواں سال مختلف کارروائیوں میں 2381 ملزمان کو گرفتار کرکے 596 مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے داؤ پر لگی ایک کروڑ 13 لاکھ 52 ہزار روپے سے زائد رقم برآمد کی گئی ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جوا کھیلنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے جوئے کے اڈوں اور آن لائن جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ کیے جائیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور محکمہ پراسیکیوشن کی معاونت سے ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے آن لائن جوئے کی روک تھام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں اور والدین کو ہدایت کی کہ اپنے بچوں کو آن لائن جوئے و فراڈ ایپلی کیشنز سے دور رکھیں۔ شہری جوئے سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے پولیس سے تعاون کریں۔