پاکستان کی اسرائیلی پارلیمنٹ کی مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کی کوشش کی شدید مذمت

پاکستان کی اسرائیلی پارلیمنٹ کی مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کی کوشش کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی یہ کارروائی فلسطینی عوام کے حقوق کی مسلسل پامالی ہے اور ایسے یکطرفہ اقدامات مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ "یہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور فلسطین کی قانونی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔" پاکستان کا مؤقف ہے کہ فلسطینی ریاست کی حدود 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ہونی چاہئیں اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو ان غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدامات پر جوابدہ بنائے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا واحد پائیدار اور منصفانہ حل ہے۔