دشمن ہماری یکجہتی سے شکست کھائے گا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

دشمن ہماری یکجہتی سے شکست کھائے گا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دشمن کو پاکستان کی قومی یکجہتی اور اتحاد کے باعث اپنے مذموم مقاصد میں ہمیشہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے یہ بات لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی نشست میں کہی، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندگان اور نوجوان طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر قوم اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی صرف فوج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔"انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے افراد قومی تاریخ اور نصب العین کے تحت یکجا ہیں، اور یہی بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہے۔ "قوم جب بھی کسی خطرے سے دوچار ہوئی، مذہبی و لسانی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سیسہ پلائی دیوار بنی اور کامیابی حاصل کی۔"

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن اور ترقی کی جانب گامزن ملک ہے، جہاں ہر شہری کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ "بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری ہمارے اجتماعی استحکام کی علامت ہے۔"انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا روشن مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ملک کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ دشمن کی پراپیگنڈا مہم کا شکار نہ ہوں اور مثبت سوچ، تعلیم اور قومی یکجہتی کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔"نشست کے اختتام پر شرکاء خصوصاً نوجوان طلبا و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی فتح پر پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔