راجستھان کے اسکول میں عمارت گرنے کا سانحہ، 4 بچے جاں بحق، 17 زخمی

راجستھان کے اسکول میں عمارت گرنے کا سانحہ، 4 بچے جاں بحق، 17 زخمی

بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جھالاور میں ایک سرکاری اسکول کی عمارت اچانک گرنے سے خوفناک سانحہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار معصوم بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول میں تقریباً 40 طلبہ کلاسز میں موجود تھے۔ اچانک اسکول کی عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا جس سے کئی بچے ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا، اور اب تک 17 زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی بھی کچھ بچے ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی، والدین اور مقامی افراد بڑی تعداد میں اسکول کے باہر جمع ہو گئے۔ریاستی حکومت نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور عمارت کی خستہ حالی یا ممکنہ غفلت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ریاست کے وزیرِ اعلیٰ نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔