پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے تاکہ عمران خان سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کی اجازت حاصل کی جا سکے۔
نجی ٹی وی کے مطابق، علیمہ خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں موجود عمران خان کے دستخط کے بغیر سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہیں کی جا سکتی، کیونکہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا ان کا قانونی حق ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی قانونی ٹیم نے پاور آف اٹارنی کی دستاویزات اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے عمران خان کو دستخط کے لیے بھجوائیں، مگر انہیں تاحال واپس نہیں کیا گیا۔ دستاویزات کی عدم واپسی کے باعث سپریم کورٹ سے رجوع کے لیے مقررہ مدت ختم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
علیمہ خان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت جیل حکام کو ہدایت جاری کرے کہ وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو پاور آف اٹارنی پر دستخط کرنے کی اجازت دیں اور دستخط شدہ دستاویزات وکلاء کو واپس کی جائیں تاکہ آئینی و قانونی طریقہ کار کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کیا جا سکے۔علیمہ خان کی جانب سے دائر درخواست میں بیرسٹر سلمان صفدر اور دیگر وکلا بطور قانونی نمائندے پیش ہوئے۔یاد رہے کہ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات میں سزا اور عدالتی کارروائیوں کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، اور ان کی قانونی ٹیم مسلسل ان کے دفاع کے لیے اپیلوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔