راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کی جانب سے اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت میں علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران مجموعی طور پر 9 ملزمان نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت اپنے بیانات عدالت میں جمع کروا دیے۔سماعت کے دوران علیمہ خان نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنے دفاع میں ایک گواہ پیش کرنا چاہتی ہیں، جس پر عدالت نے ان کی درخواست منظور کر لی۔عدالتی فیصلے کے بعد علیمہ خان کی جانب سے دفعہ 342 کے تحت بیان جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، جبکہ آئندہ سماعت پر ان کے دفاعی گواہ کا بیان ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں مختلف ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جاری ہے۔