بارشوں سے ہونے والی تباہی انتہائی افسوسناک ، یہ صرف قدرتی آفت نہیں بلکہ قومی سانحہ ہے
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری ریلیف پیکج کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی فصلیں تباہ اور عوام کے گھر برباد ہو چکے ہیں، اور یہ صرف ایک قدرتی آفت نہیں بلکہ قومی سطح کا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں اور کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسپیشل ریلیف پیکج کا اعلان کرے تاکہ متاثرہ عوام کو معاوضہ، خوراک، رہائش اور گھروں کی تعمیر میں مدد فراہم کی جا سکے۔