کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس، ریلیف پیکج کے چار ارب این ڈی ایم اے کو فوری جاری کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 5.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دیدی ہے جس میں سے این ڈی ایم اے کو فوری طور پر 4 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت اور ترقی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں جنوبی افریقہ میں پی این ایس سی کے جہازوں کی گرفتاری کا معاملہ زیر بحث آیا اور کمیٹی نے پی این ایس سی کو 33 کروڑ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی۔وزارت صنعت کو مقدمہ جلد نمٹانے اور تین ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ای سی سی نے بجلی کے ایندھن ایڈجسٹمنٹ چارجز پورے ملک میں یکساں لاگو کرنے اور وزیراعظم فین ریپلیسمنٹ پروگرام کے آغاز کے لیے دو ارب روپے کی منظوری دی۔اجلاس میں اسٹیٹ بینک، نیکا، کمرشل بینکوں کے درمیان معاہدے کی ٹرم شیٹ کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔ ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ڈویڑن کیلئے 25 کروڑ کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔