پاکستان بین الاقوامی قانون کی پاسداری، خوشحالی کے حصول اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے اورر تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کر نے کیلئے پرعزم ہے: ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر سے ملاقات میں گفتگو
سول سروسز میں عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اس کا معاون بنانے کیلئے اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،کمیٹی ایک ماہ میں اصلاحات پر مبنی جامع سفارشات پیش کرے:وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نظام تعلیم میں جدت لانا، ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سنٹانا ایجوکیشن کے بانی اور چیئرمین ڈگ بیکر کی قیادت میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے حوالے سے تمام حکومتی پالیسیاں ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہیں، ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی تعمیر ہمارے لیے انتہائی اہم سنگ میل ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے کے بھارتی یکطر فہ اور غیرقانونی اقدامات پر پاکستان کے موقف کے لیے عالمی بینک کی اصولی حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قانون کی پاسداری، خوشحالی کے حصول اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے اورر تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کر نے کیلئے پرعزم ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف سے عالمی بینک کے مشرق وسطی، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری پر عالمی بینک کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے خاص طور پر عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور پاکستان کے لیے عالمی بینک کے سابق کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہسین کا پاکستان کے لیے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف )کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔۔اس موقع پر عثمان ڈیون نے پاکستان کے دورے کے دوران پر تپاک مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی دیرینہ شراکت داری اور معیشت کے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا اور وسعت دینے کے لیے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیںشہباز شریف نے سول سروسز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، سول سروسز اسٹرکچر کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت سول سروسز کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کو سول سروسز اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سول سروسز میں بھرتی، ٹریننگ، کارکردگی کے جائزے، تنخواہوں کی بہتری اور ترقی کے حوالے سے مشاورت کے بعد تجاویز مرتب کی جارہی ہیں۔اجلاس کو خطے کے دوسرے ممالک میں سول سروسز کی اصلاحات کا پاکستان کے ساتھ تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گورننس کی بہتری، عام شہری کی زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بہترین ٹیلنٹ کی میرٹ پر بھرتیوں کو سول سروسز اصلاحات کا محور رکھتے ہوئے سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی. وزیرِ اعظم نے کمیٹی کو ایک ماہ میں تفصیلی مشاورت کے بعد اصلاحات پر مبنی جامع سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کمیٹی میرٹ پر بہترین ٹیلنٹ کی بھرتی، ترقی کیلئے مخصوص اہداف پر مبنی کے پی آئیز، اے سی آر نظام کی بہتری و مثر متبادل کے حوالے سے سفارشات مرتب کرکے پیش کرے۔