اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز سید علی رضا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ افغان گینگ نے وفاقی دارالحکومت میں ایک گھر پر حملہ کرکے 4 کروڑ روپے مالیت کی جیولری اور نقدی لوٹ لی تھی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ گینگ ڈیڑھ ماہ قبل افغانستان کے علاقے جلال آباد سے پاکستان آیا تھا۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ایک اور کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جنوری 2024 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک نوجوان کے قتل کے مقدمے میں ملوث ڈاکو کو عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔مقتول کے لواحقین نے اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں پولیس کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، اور سرکار کی جانب سے فراہم کردہ وکیل نے بھی ان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا۔