اسلام آباد پولیس نے اغوا اور ڈکیتی میں ملوث ایک گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا۔
تھانہ شالیمار پولیس نے مغوی شہری کو بحفاظت بازیاب کروا کر چھینی گئی نقدی اور قیمتی موبائل فون بھی برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زین طاہر، احسان، شاہ زیب اور عائشہ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔