وزیراعظم شہباز شریف نے اسنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے محمد آصف کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق، محمد آصف نے وزیرِ اعظم سے ملاقات میں حال ہی میں سری لنکا میں ہونے والی سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد حاصل کی۔ وزیرِ اعظم نے انہیں 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اور اسنوکر کی دنیا میں محمد آصف نے یہ کام بخوبی کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ محمد آصف کی تین مرتبہ ورلڈ ایمیچئیور اسنوکر چیمپئن شپ اور تین مرتبہ سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستان کا نام روشن ہوا۔ حکومت کھلاڑیوں کو مزید سہولتیں دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔محمد آصف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومتی سرپرستی سے کھیلوں کو فروغ ملتا ہے۔ وزیراعظم نے اسنوکر کے مزید کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ اس کھیل کو ملک میں مزید مقبول بنایا جا سکے۔